مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، سپاہ پاسداران انقلاب اسلامی نے اعلان کیا ہے کہ بحرین میں امریکی فوج کے ابتدائی انتباہی ریڈار کو نشانہ بنا کر تباہ کر دیا گیا ہے۔
بیان کے مطابق، سپاہ پاسداران کی ایرو اسپیس فورس کے اہلکاروں نے چند گھنٹے قبل سیریک میں مواصلاتی ٹاور پر دشمن کے فضائی حملے کے جواب میں بحرین میں امریکی فوج کے ابتدائی انتباہی ریڈار کو نشانہ بنا کر تباہ کر دیا۔
سپاہ پاسداران انقلاب نے اس کارروائی کو دشمن کے لیے ایک سنجیدہ انتباہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ آبنائے ہرمز میں فضائی شرارتوں اور تیل کی اسمگلنگ کا سلسلہ بند کرے۔ خلاف ورزیوں اور جارحیت کے دوبارہ ارتکاب کی صورت میں سپاہ پاسداران کی ایرو اسپیس فورس ہر قسم کے ردعمل کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔
بیان میں خبردار کیا گیا ہے کہ دشمن کے بہکاوے میں آنے والی خلاف ورزی کی مرتکب کمپنیوں کو مزید سخت کارروائیوں کا سامنا کرنا پڑے گا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ ایرانی قوم کی آٹھ ماہ سے جاری مزاحمت نے دنیا بھر کی اقوام کو بیدار کیا ہے اور مختلف ممالک کے نوجوانوں کو بھی میدان میں آنے کی ترغیب دی ہے۔
آپ کا تبصرہ